خیبرپختونخواکے نگران وزیرصنعت و حرفت اور فنی تعلیم محمد عدنان جلیل نے کہاہے کہ ہمارے صوبے کو اللہ تعالی نے قدرتی حسین اور نظاروں پرمشتمل بیش بہا سیاحتی مقامات سے نوازا ہے تاہم ان وادیوں اور مقامات کو سیر و سیاحت کیلئے سہولیات کی فراہمی، آمدورفت میں آسان اور پرکشش بنانے کی اشدضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں اتھارٹی کی جانب سے سیاحت کے فروغ، امکانات اور محکمہ کی جانب سے اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان، جنرل منیجر پلائننگ اینڈمارکیٹنگ حیات علی شاہ،جنرل منیجر ٹورازم سجاد حمیداور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
واضح رہے کہ نگران وزیر صنعت کا سیاحتی شعبے سے متعلق بریفنگ اس حوالے سے سرمایہ کاری کیلئے موزوں منصوبوں سے شناسائی حاصل کرنا تھا تاکہ بورڈآف انوسٹمنٹ کے ذریعے اس منصوبوں کو سرمایہ کاری کیلئے پیش کیا جا سکے۔
بریفنگ کے دوران نگراں وزیر کو صوبے میں سیاحت کے حوالے سے مختلف آئی ٹی زونز اور نئے سیاحتی مقامات جن کو ترقی دینے کی ضرورت ہے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
صوبے میں سیاحتی شعبے میں ملکی اور بین الاقوامی فرمز کیلئے سرمایہ کاری کے واضح امکانات موجود ہیں2025 تک صوبے میں 10 ملین افراد کو سیرو سیاحت کی غرض سے صوبے میں لانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے جبکہ صوبے کے کئی مقامات کو آئی ٹی زونز کے طور پر ترقی دینے کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔
صوبے کے 7 اضلاع میں 16 نئے سیاحتی مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن کو سرمایہ کاری کے ذریعے آسائش اور سیاحوں کیلئے پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ یہاں پر ٹورازم سیکٹر کو معاشی ترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ بنانے کے زیادہ امکانات موجود ہیں مگر اس کی صحیح رونمائی کی ضرورت ہے ۔
نگران وزیرصنعت و حرفت اور فنی تعلیم محمد عدنان جلیل نے کہاکہ سیاحت کی ترقی کیلئے صوبے کے سیاحتی مقامات کو سرمایہ کاری کے نقطہ نظر سے باہر دنیا اور ملک کے اندر خواہشمند سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہوگا۔
اس سلسلے میں خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے منصوبوں کو مختلف فورمز پر پیش کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ وہ خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈٹریڈ کے ذریعے صوبے کے سیاحتی مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کو سرمایہ کاری کیلئے پیش کرینگے تا کہ ان مقامات کو سیاحت کے بین الاقوامی معیار کے مطابق پر کشش اور آسائش بنایا جا سکے۔