قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں ہفتے کے روز ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر گرنے سے آٹھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
ماڑی پٹرولیم کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایم آئی آٹھ ہیلی کاپٹر ماڑی پیٹرولیم کمپنی کے اہلکاروں کی آمدورفت کی خدمات فراہم کر رہا ہے اور ہفتے کے روز شیواہ سے اہلکاروں کو لے جار رہے تھے کہ انجن کی خرابی کے باعث ایک حادثہ پیش آیا۔ اعلامیے کے مطابق ’اگرچہ ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا تاہم اس نے بعد میں کنٹرول کھو دیا۔
اعلامیے کے مطابق چارٹرڈ ہیلی کاپٹر میں تین غیر ملکی پائلٹس سمیت 14 مسافر سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں چھ افراد جان سے گئے ہیں اور آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق حادثہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر پیش آیا جس کا علاقے میں سکیورٹی کی صورت حال یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ حادثے کے بعد پاکستان فوج اور دیگر اداروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گی۔
شیواہ پولیس نے واقعے میں چھ اموات اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی شمالی وزیرستان شیواہ آئل فیلڈ کے ‘وزیرستان بلاک’ پر کام کر رہی ہے۔ جہاں سے گیس نکالا جارہا ہے۔