ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر کپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ نے کہا ہے کہ باڑہ کے صحافیوں کی صحافتی قربانیاں تاریخی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی صحافی برادری متاثر ہوئی ہے کوئی اور طبقہ اس حد تک متاثر نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ پریس کلب کے نومنتخب صدر محمد سلیم آفریدی کی سربراہی میں کابینہ ممبران اور سینئر صحافیوں کے وفد سے خیبر ہاؤس پشاور کینٹ میں تعارفی ملاقات کے دوران کیا۔ملاقاتی وفد میں باڑہ پریس کلب کے صدر محمد سلیم آفریدی، جنرل سیکرٹری منیر افریدی، فنانس سیکرٹری محمد شفیق آفریدی، ایگزیکٹیو ممبر اورنگزیب آفریدی، سینئر صحافی خیال مت شاہ آفریدی، اور حسین آفریدی شامل تھے۔ وفد نے باڑہ پریس کلب کے صحافیوں کو درپیش مسائل، پریس کلب کی ضروری مرمت، فرنیچر کی کمی، سولرائزیشن سسٹم کی تنصیب، پانی کی فراہمی، اور سٹوڈیو کے لیے علیحدہ کمرہ تعمیر کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں صدر سلیم آفریدی نے ڈپٹی کمشنر خیبر کو ایک تحریری درخواست پیش کی۔ڈپٹی کمشنر خیبر نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کے تمام مسائل حل کرنے اور پریس کلب کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے باڑہ کے صحافیوں کی قربانیوں اور مشکل حالات میں علاقے اور عوام کی بہترین ترجمانی پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ جلد ہی باڑہ پریس کلب کا دورہ کریں گے اور صحافیوں سے ملاقات کرکے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ اس یقین دہانی پر صدر محمد سلیم آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باقاعدہ باڑہ پریس کلب آنے کی دعوت دی۔وفد نے ڈپٹی کمشنر کو باڑہ بازار کے مسائل اور موجودہ علاقائی حالات و واقعات سے بھی آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور باڑہ پریس کلب کے صحافیوں کے کردار کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔