
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بارش ہونے کے امکان کے بعد زیدہ تر علاقوں میں گرمی کی لہر میں کمی آئی آئی گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش یا ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی رہی، جہاں سب سے زیادہ درجہ حرارت سندھ کے شہر جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر شہروں میں درجہ حرارت کچھ یوں رہا،سبی 49، دادو، موہنجودڑو، روہڑی، لاڑکانہ، نوابشاہ 47، سکھر 46، حیدرآباد 45، ملتان 44، لاہور اور فیصل آباد 41، کوئٹہ اور پشاور 38، جبکہ کراچی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بالائی علاقوں میں قدرے بہتر موسم رہا جہاں گلگت میں 36، اسلام آباد میں 35 اور مظفر آباد میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موسمی تبدیلیوں اور ممکنہ ژالہ باری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔