
جماعت اسلامی تحصیل باڑہ کے جنرل سیکرٹری قاری واجد افریدی نے وادی تیراہ کی موجودہ صورتحال بارے گفتگو کرتے کہا ہے کہ ایک طرف مہنگائی و غربت اور دوسری طرف دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ عیدالاضحی بھی قریب ہے۔ ایسے حالات میں عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور سیکورٹی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔
قاری واجد نے کہا کہ وادی تیراہ کے مشران، علمائے کرام، اور عوام نے حالیہ جرگوں میں جو بھی اجتماعی فیصلہ کیا ہے، جماعت اسلامی اسے من و عن تسلیم کرے گی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مشاورت اور اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وادی تیراہ میں آپریشن کے لیے وہاں عوام پر زبردستی کی گئی تو جماعت اسلامی اس کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ ہم نے ہمیشہ ریاستی اداروں کی موجودگی میں کسی بھی قسم کی امن کمیٹیوں اور متوازی تنظیموں کی تشکیل کی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
قاری واجد افریدی نے زور دیا کہ ریاستی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے علاقے میں فوری طور پر امن و امان بحال کریں تاکہ عوام پُرامن ماحول میں عید منا سکیں اور اپنی جان و مال کو محفوظ تصور کریں۔