قبائلی ضلع باجوڑ مرکزی علاقے تحصیل خار میں دہشت گردی کاایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ جسمیں  صادق آباد پھاٹک کے میلہ گراؤنڈ کے قریب  ڈبل کیبن ڈاٹسن سرکاری گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل ،تحصیلدار ناواگئی  عبدالوکیل خان، زاہد اللہ ، فضل منان شہید ہو گئے، جبکہ 12 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق سرکاری اہلکار میلے کے قریب معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک آئی ڈی دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور قریبی افراد بھی اس کی زد میں آ گئے۔

ایس ایچ او خار نے فوری طور پر پولیس کنٹرول کو واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا، جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ تھانہ خار کی حدود میں صدیق آباد پھاٹک میلے کے قریب پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں عوام موجود تھی۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حملہ ریاستی عمل داری کو چیلنج کرنے کی سنگین کوشش ہے اور ذمہ داروں کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ٹائم لائن اردو ٹیم
ٹائم لائن اردو کے رپورٹرز، صحافی، اور مصنفین پر مشتمل ٹیم

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں