خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس بدھ کے روز رکنِ صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان، عبدالسلام آفریدی، شیر علی آفریدی، میاں شرافت، سیکرٹری جنگلات شاہد زمان، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام، محکمہ قانون اور صوبائی اسمبلی کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ اور فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے دائرہ کار، ذمہ داریوں، کارکردگی، مستقبل کے اہداف، ونڈ فال پالیسی اور سائنٹفک منیجمنٹ سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران محکمہ جنگلات و ماحولیات کے لئے سیکرٹری جنگلات کی سربراہی میں ٹربیونل کے قیام، چکدرہ ڈپو میں موجود لکڑیوں کی نیلامی اور جاری شجرکاری مہمات پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ محکمہ نے شجرکاری مہمات سمیت متعدد اہداف کامیابی سے مکمل کیے ہیں، جن کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مختلف منصوبوں پر وقتاً فوقتاً اجلاسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری جنگلات نے آئندہ اجلاس میں محکمہ جنگلات اور اس سے منسلک اداروں کی کامیابیوں، جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین کمیٹی افتخار علی مشوانی نے مردان، صوابی، چارسدہ اور پشاور میں سفیدہ درخت کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے ڈپو قائم کرنے اور لائسنس کے اجرا سے متعلق اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف کاروباری طبقے کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ حکومت کو بھی خاطر خواہ آمدن حاصل ہوگی، جس پر سیکرٹری جنگلات نے ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایف ڈی سی ایکٹ کو کمیٹی میں پیش کیا جائے اور ہزارہ موٹروے سمیت دیگر بڑی شاہراہوں پر مزید شجرکاری کے لئے اقدامات کیے جائیں.

ریحان محمد
ٹائم لائن اردو سے وابسطہ نوجوان صحافی ریحان محمد خیبرپختونخوا سے ملکی میڈیا کے لئے کام کرتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں