خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) اور یو این ویمن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد صوبے میں خواتین کو ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ یہ شراکت داری ڈیجیٹلائزیشن فار ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ (D4WEE) منصوبے کا حصہ ہے جسے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) فنڈ کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا میں اس منصوبے کے تحت یو این ویمن اور کے پی آئی ٹی بی کے درمیان باضابطہ تعاون کا فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد کے پی آئی ٹی بی کی حکمتِ عملی، انفراسٹرکچر اور صوبائی ڈیجیٹل پالیسیز کے ذریعے پشاور، مردان اور صوابی میں خواتین کے لیے معاشی مواقع بڑھانا ہے۔

تقریب میں سیکریٹری سائنس، ٹیکنالوجی و آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ امجد علی خان، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل کے پی روڈ میپ 2030 کے تحت جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین صوبے کی ڈیجیٹل ترقی کے سفر کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یو این ویمن پاکستان کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جمشید قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "خواتین کو ڈیجیٹل معیشت میں مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی شمولیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔” انہوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا اور کے پی آئی ٹی بی کی قیادت اور تعاون کو سراہا۔

یہ اشتراک ٹیکنالوجی کے شعبے میں صنفی فرق کو کم کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے خیبر پختونخوا کی خواتین کو ڈیجیٹل آلات، پلیٹ فارمز اور معاشی مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو سکے گی۔

اسلام گل
بانی و مدیر اعلٰی ٹائم لائن اردو، اسلام گل افریدی مختلف قومی و بین الاقوامی میڈیا اداروں کےساتھ کام کرنے والے سینئر صحافی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں