تحریر: محراب شاہ آفریدی

ضلع خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں خیبر یونین پاکستان اور خیبر سٹوڈنٹس یونین کے زیرِ اہتمام تین روزہ شاندار کتب میلہ منعقد کیا گیا۔ میلے کا مقصد علاقے میں کتاب دوستی کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو مطالعے کی جانب راغب کرنا اور علمی و فکری ماحول کو مستحکم بنانا تھا۔
تین روزہ کتب میلے میں تاریخ، ادب، سیاست، مذہب، فلسفہ اور عصری مسائل پر مبنی کتب کے مختلف اسٹالز لگائے گئے۔ طلبہ، اساتذہ اور عوام الناس نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اس علمی سرگرمی کو سراہا
میلے کے دوران تعلیمی مباحثے، فکری نشستیں اور نوجوانوں کی رہنمائی کے خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد طلبہ میں شعور و آگاہی پیدا کرنا اور انہیں مثبت و تعمیری سوچ کی جانب گامزن کرنا تھا۔
اس موقع پر خیبر یونین پاکستان کے صدر ہاشم خان آفریدی نے کہا کہ کتاب شعور اور ترقی کی بنیاد ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ضلع خیبر کا ہر نوجوان قلم اور کتاب سے اپنا رشتہ مضبوط کرے۔ ایسے میلوں سے معاشرے میں فکری بیداری پیدا ہوتی ہے۔
خیبر یونین پاکستان کے جنرل سیکرٹری عبدالباقی آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے نکال کر علمی اور ادبی سرگرمیوں کی طرف لایا جائے۔ کتب میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے بارہ کے بعد جمرود اور لنڈی کوتل میں بھی کتاب میلہ لگائنگے۔
خیبر سٹوڈنٹس یونین کے صدر اختر اللہ آفریدی نے کہا کہ تعلیم اور مطالعہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ہم عزم کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ ضلع خیبر کو علم و آگاہی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔
منتظمین نے کہا کہ آئندہ بھی ایسے علمی و ادبی پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل میں مطالعے کا رجحان مزید مضبوط ہو۔

ٹائم لائن اردو ٹیم
ٹائم لائن اردو کے رپورٹرز، صحافی، اور مصنفین پر مشتمل ٹیم

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں