
مکہ مکرمہ میں پرائیویٹ حج اسکیم 2026 کے دوران حجاجِ کرام کی خدمت اور حج انتظامات کے حوالے سے مکتب نمبر 22 کے معلم جناب ہاتن فیراگ نے اپنے دفتر میں اپنے کلسٹر میں شامل ضلع باجوڑ کےحاجی نعیم اللّٰہ خان کے ساتھ خصوصی ملاقات کیا ۔جس میں مکتب کے ترجمان جناب محمد ناصر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران معلم مکتب نے حج 2026 کے انتظامات، حجاجِ کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے غیر معمولی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت الحج کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اس سال حجاجِ کرام کے آرام، تحفظ اور سہولت کو اولین ترجیح دی گئی، جس کے نتیجے میں منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور جمرات سمیت تمام مشاعرِ مقدسہ میں بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود حجاج کے لیے کھانے پینے، ٹھنڈے پانی، سایہ دار راستوں، جدید طبی سہولیات، مؤثر ٹرانسپورٹ نظام، صفائی کے اعلیٰ انتظامات اور رہنمائی کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جس سے لاکھوں عازمینِ حج نے اپنے مناسک نہایت اطمینان اور سکون کے ساتھ ادا کیے۔
اس موقع پر جناب ہاتن فیراگ نے اپنے کلسٹر میں شامل حجاجِ کرام کی خدمت، رہنمائی اور بہترین انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں حاجی نعیم اللّٰہ خان کو خصوصی شیلڈ پیش کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حجاجِ کرام کی خدمت ایک عظیم امانت اور باعثِ سعادت فریضہ ہے، اور جو افراد اخلاص اور زمہ داری کے ساتھ اس خدمت کو انجام دیتے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی نجی حج آرگنائزرز نے رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ حجاجِ کرام کی بروقت رہنمائی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں نمایاں خدمات سر انجام دی گئیں، جس کے مثبت اثرات پورے حج آپریشن کے دوران محسوس کیے گئے۔
شرکاء نے خادم الحرمین الشریفین، سعودی ولی عہد، وزارتِ حج و عمرہ اور سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حجاجِ کرام کی خدمت کے لیے جس جذبے، منصوبہ بندی اور انتظامی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا وہ قابلِ ستائش ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بہترین نظم و نسق اور مسلسل نگرانی کے باعث حج 2026 کو کامیاب، منظم اور محفوظ بنانے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی حجاجِ کرام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔



