تیراہ سے بے گھر خواتین، مردوں اور خصوصی افراد کو روزگار کے لیے مالی معاونت اور آلات فراہم کی گئی

باڑہ وادی تیراہ سے نقل مکانی کے باعث روزگار سے محروم ہونے والے 11 خواتین، مردوں اور خصوصی افراد کو اپنے کاروبار اور ذریعہ معاش کی بحالی کے لیے مالی معاونت اور ضروری آلات فراہم کر دیے گئے۔

اس سلسلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے قائم جنڈر ڈیسک آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحق خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ یہ افراد وادی تیراہ میں مختلف پیشوں اور کاروباروں سے وابستہ تھے، تاہم نقل مکانی کے باعث ان کا روزگار متاثر ہوا اور وہ اپنے خاندانوں کی کفالت سے محروم ہو گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نور ایجوکیشن ٹرسٹ کی سربراہ رخشندہ ناز نے کہا کہ 11 خواتین اور مردوں، جن میں خصوصی افراد بھی شامل ہیں، کو مالی امداد اور ضروری آلات فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ دوبارہ اپنے روزگار کا آغاز کر سکیں اور اپنے خاندانوں کی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ کے بے گھر افراد، بالخصوص خواتین اور خصوصی افراد، متعدد سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جن کی معاونت اور رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ معاونت اپنی مدد آپ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

دہ خوندو کور تنظیم کی سربراہ مریم بی بی نے کہا کہ خواتین کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے خود آگے بڑھنا ہوگا اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین معاشی طور پر خودمختار ہوں گی تو وہ اپنے حقوق کے حصول اور بہتر زندگی کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں خواتین کو بنیادی سہولیات کے حصول میں مختلف مشکلات کا سامنا ہے، تاہم عزم اور محنت کے ذریعے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر یو این ڈی پی کے نمائندے اعجاز خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اور کمزور طبقات کو معاشی طور پر مستحکم بنانے سے ان کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باڑہ میں جنڈر ڈیسک کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کو معاشی خودمختاری، قانونی حقوق اور سماجی آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

تقریب کے اختتام پر مستحق افراد میں مالی معاونت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے درکار آلات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء نے اس اقدام کو بے گھر خاندانوں کی بحالی اور خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

ریحان محمد
ٹائم لائن اردو سے وابسطہ نوجوان صحافی ریحان محمد خیبرپختونخوا سے ملکی میڈیا کے لئے کام کرتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں