
خیبرپختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) نے نوشہرہ میں قائم آئل ٹرمینلز کو ماحولیاتی آلودگی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور شیل آئل ٹرمینلز کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ای پی اے حکام کے مطابق پی ایس او آئل ٹرمینل پبی میں 7 نومبر 2025 کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی رپورٹ ہوئی تھی، جس کے بعد ماحولیاتی آلودگی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر دونوں آئل ٹرمینلز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ادارے کی مانیٹرنگ ٹیم نے معائنے کے دوران دونوں یونٹس میں ماحولیاتی تحفظ ایکٹ کے سیکشن 6، 11 اور 13 کی خلاف ورزیاں پائیں۔ ای پی اے کا کہنا ہے کہ 14 اپریل 2026 کو ہونے والی سماعت میں بھی ٹرمینلز کی انتظامیہ ادارے کو مطمئن کرنے میں ناکام رہی۔
ای پی اے نے دونوں کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد ادارے سے منظور شدہ لیبارٹری سے سہ ماہی ماحولیاتی تجزیے کروائیں اور 14 دن کے اندر عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔
حکام کے مطابق شیل ڈپو انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں 30 منٹ تک لوڈ گاڑیوں کی آمدورفت معطل رکھی جائے تاکہ طلبہ اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ای پی اے نے تاروجبہ میں شیل ڈپو کی لوڈ گاڑیوں سے متاثرہ کمیونٹی روڈ کی فوری بحالی کا بھی حکم دیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں آئل ٹرمینلز پر 50 ہزار روپے سے لے کر 7 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر یومیہ ایک لاکھ روپے تک اضافی جرمانہ بھی کیا جائے گا۔



