ستر سالہ ریٹائرڈ پروفیسر ناموس خان پچھلےساٹھ سالو ں سے خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں رہائش پذیر ہے۔ اُن کی باقی زندگی پشاور میں گزرنا مشکل ہوجاتا رہا اور اس کوشش میں ہے کہ وہ کئی کلومیٹر دور اپنے آبائی علاقے ضلع باجوڑ میں اپنے نئے تعمیر شدہ گھر میں گزار سکیں  کیونکہ پشاور میں فضائی  الودگی اتنی بڑھی ہے کہ ڈاکٹروں نے اُن کو گھر سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے ۔

ناموس خان نےجوانی کے پشاور کو یاد کرتے ہوے کہتے ہیں کہ  "پشاور کی آبادی پچیس ہزار نفوس پر مشتمل تھی  اور اس میں صرف  چند لوگوں کے پاس گاڑیاں تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ   پشاور میں چاروں طرف گھنے باغات اور سرسبز لہلاہاتے کھیت تھے  جس کو دیکھ ہم ہر وقت تروتازہ  اور صحت مند رہتے تھے لیکن پھر آہستہ آہستہ پشاور کے آبادی میں بے ہنگم اضافہ شروع ہوا اور اب یہاں تک  حالات پہنچی ہے کہ  پشاور  شہر میں  ہر طرف  بلند و بالا عمارتیں نظر آتے ہیں  جو مجھے جیسے  لوگوں کے لئے تشویش دہ بات ہے”۔

فضائی آلودگی  دنیا بھراورپاکستان میں صحتِ عامہ کے لیے ایک سنگین اور جان لیوا مسئلہ بن چکی ہے۔ بین الاقوامی اداروں (جیسے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور اسٹیٹ آف گلوبل ایئر) کی رپورٹس کے اعداد و شمار کے مطابق فضائی آلودگی دنیا بھر میں اموات کی دوسری بڑی وجہ بن چکی ہے۔دنیا بھر میں ہر سال تقریباً8.1ملین (اکیاسی لاکھ) افراد فضائی آلودگی کی وجہ سے قبل از وقت لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ان اموات کی بڑی وجہ فضائی ذرات (PM2.5)، گھروں کے اندر جلنے والے نقصان دہ ایندھن کا دھواں اور زہریلی گیسیں ہیں، جو دل کی بیماریوں، فالج، پھیپھڑوں کے کینسر اور سانس کی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔ اس آلودگی کی زد میں لاکھوں کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں فضائی آلودگی خصوصاً بڑے شہروں میں اسموگ، ٹریفک کا دھواں، صنعتی اخراج اور فصلوں کی باقیات جلاناایک قومی ہنگامی صورتحال اختیار کر چکی ہے۔طبی اور ماحولیاتی جائزوں کے مطابق پاکستان میں ہر سال فضائی آلودگی اور اس سے جنم لینے والی بیماریوں جیسے دل اور سانس کے امراض کی وجہ سے ایک لاکھ اٹھائس ہزار (128,000) سے زائد افراد قبل از وقت موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ماحولیاتی اور معاشی رپورٹس بتاتی ہیں کہ پاکستان کی تقریباً پوری آبادی ایسے علاقوں میں رہنے پر مجبور ہے جہاں فضائی آلودگی کی شرح عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ محفوظ معیارات سے کئی گنا زیادہ ہے۔ اس آلودگی کی وجہ سے پاکستانیوں کی اوسط متوقع عمر میں بھی کئی سال کی کمی واقع ہو رہی ہے۔فضائی آلودگی اب صرف بڑے شہروں کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ چھوٹے شہروں اور قصبوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ قبائلی ضلع باجوڑ میں بھی فضائی آلودگی میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے جس نے حساس طبیعت کے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ممتاز ماہر تعلیم آزاد بخت کا تعلق باجوڑ سے ہے اور وہ خار باجوڑ میں چالیس سالوں سے رہائش پذیر ہیں ۔ انہوں نے اپنے مشاہدات کے بنیاد پر کہا کہ باجوڑ خار میں پچھلے پندرہ سالوں سے فضائی آلودگی میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ان جیسے لوگوں کو بھی پیدل واک کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ پہلے وہ روزانہ دس کلومیٹر پیدا واک کیا کرتا تھا جو اب اس نے کم کرکے صرف دو کلومیٹر تک محدود کیا ہے۔

آزاد بخت نے کہا کہ ” ایک طرف آلودگی میں اضافہ ہونے  کی وجہ  سے اس کو پیدل چلنے کے دوران سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے تو دوسری طرف درجہ حرارت میں اضافے کے وجہ سے گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ ان وجوہات کے بناء پر دن کے اوقات میں باہر نکلنا ایک چیلنج بن چکا ہے”۔

​ قومی اور بین الاقوامی ادارے (جیسے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، اسٹیٹ آف گلوبل ایئر اور عالمی بینک) عام طور پر فضائی آلودگی کے اعداد و شمار ملک کی مجموعی سطح پر یا بڑے بڑے صنعتی و گنجان آباد شہروں کے حوالے سے شائع کرتے ہیں۔ پاکستان میں سالانہ مجموعی طور پر ایک لاکھ اٹھائس ہزار سے زائد اموات فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہیں، لیکن صوبہ خیبر پختونخوا کے لیے کوئی الگ سے سرکاری یا حتمی سالانہ  اموات کا اعداد و شمار الگ کرکے جاری نہیں کیا جاتا۔

​بین الاقوامی رپورٹس اور ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق خیبر پختونخوا کا دارالحکومت پشاور اور بعض دیگر ملحقہ و میدانی علاقے (مثلاً سوات اور نوشہرہ وغیرہ) ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں ہوا کا معیار اکثر انتہائی مضرِ صحت (Hazardous) ہو جاتا ہے۔

ناموس خان کے مطابق پرانے زمانے کے  وہ لوگ جو پشاور میں مستقل  طور پر آباد تھے اب ان میں سے زیادہ تر نے گرمی کی شدت اور آلودگی کے وجہ سے  پشاور سے  دوسرے علاقوں کو چلے گئے ہیں اور وہاں پر رہائش اختیار کی ہے۔ناموس خان کے بقول ” انہوں نے خود بھی  اپنے آبائی علاقے ضلع باجوڑ میں  اپنے لئے پانچ سال پہلے ایک گھر بنایا ہے اور تین سال پہلے وہ یہاں پر مستقل طور پر منقل ہوچکے ہیں لیکن پھر بھی مہینے میں ایک بار  مختلف کاموں کے سلسلے میں ضرور پشاور آن جانا رہتا ہے جن کے لئے وہ پہلے سے باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہیں ۔

ماہرین  موسمیات  کے مطابق درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور فضائی آلودگی کے کمی میں جنگلات اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ تاہم بدقسمتی سے سے ہمارے  صوبے اور ضلع باجوڑ میں جنگلات کا رقبہ  مطلوبہ معیار سے  کم ہے ۔

پاکستان فارسٹ انسٹیٹوٹ کی 2025 کی   پروسپیکٹس  میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا کے تقریبا 26  فیصد رقبے پر جنگلات ہیں۔ جبکہ محکمہ جنگلات باجوڑ کی فراہم کردہ معلومات کی مطابق باجوڑ کا کل رقبہ 1,290 مربع کلومیٹرہے جس میں باجوڑ کے محکمہ جنگلات نے 470,000 ایکڑ پر جنگلات لگائے  ہیں جس میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ اسی طرح 40 ہزار ایکڑ پر پہاڑ اور قدرتی جنگلات ہیں۔ ۔

باجوڑ میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے کے لئے  مقامی نوجوانوں نے شین(سبز) باجوڑ  کے نام سے ایک رضاکارانہ تنظیم بنایا ہے جو باجوڑ  کےپہاڑوں اوربنجر میدانی علاقوں میں شجرکاری میں حصہ لیتے ہیں ۔ باجوڑ کے دورافتادہ تحصیل ناواگئی کے رہائشی محمد یونس المعروف خان بھی شین باجوڑ مہم کا ایک سرگرم رضاکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شین باجوڑ مہم کا اس لیےحصہ بن گئے کہ ان کے علاقہ ناواگئی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے فہرست میں شامل ہے۔

خان کے مطابق "یہاں پر پینے کے پانی کا زیر زمین سطحہر سال تیزی سے نیچے جارہاہے جس کے باعث صدیوں پرانے کنویں  شک ہوئے چکے ہیں  جو ایک تشویشناک  بات ہے۔ان کا علاقہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے ستر فیصد متاثر ہوچکا ہے۔ یہاں پر جنگلات کا رقبہ انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور پچھلے سالوں کے نسبت گرمیکی شدت زیادہ محسوس کی جاتی ہے”۔

ماحول کے آلودگی میں کئی عوامل کار فرما ہیں لیکن اس میں عام طور پر ماہرین ماحولیات  گاڑیوں کے انجنوں سے خارج ہونے والے دھواں کو  اہم وجہ ٹھہراتے ہیں اور عام لوگ بھی یہ ماحول کے آلودگی کے لئے  ایک اہم سبب خیال کرتے ہیں۔

انجینئر یونیورسٹی پشاور کے شعبہ میکینکل سٹڈیز کے استاد ڈاکٹر عالمزیب کے مطابق ہمارے ملک میں ایک انجن  پیٹرول اور دوسری ڈیزل  سے چلتی ہیں جبکہ دونوں میں آلودگی پائی جاتی ہے لیکنالودگی ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عالمزیب کے مطابق آج کل آلودگی میں چالیس فیصد حصہ گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں (کیمیکلز) ہے۔  اس آ لودگی کے حوالے سے پوری دنیا میں مختلف تحقیق اور سروے ہوئے ہیں اور یہ وقتا فوقتا جاری رہتی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار باجوڑ میں چسٹ سپیشلسٹ  ڈاکٹر  فضل حمید کے مطابق  باجوڑ میں چیسٹ انفیکشن  اور دیگر سانس کے بیماریوں میں رواں سیزن میں غیر متوقع طور پراضاٖفہ ہوا ہے ۔ ان مریضوں میں بچے، بوڑھے اور نوجوان شامل ہیں ۔ اگر ایک طرف موسم تبدیل ہورہا ہے تو دوسری طرف آلودگی میں بھی اضافہ ہوا ہے  جس کی وجہ سے  ان مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  آج کل چسٹ انفکشن میں اضافے کی بنیادی وجہ  اس بیماری کا ایک مریض سے دوسرے مریض کو   جلدی لگنا یعنی منتقل ہونا ہے ۔ کیونکہ باجوڑ  اور  خیبر پختون خو ا  کے زیادہ تر لوگ کراچی  محنت مزدوری کے لئے جاتے ہیں تو وہاں پرآلودگی اورصفائی کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے  ان کو یہ انفکشن ہو جاتا ہے اور جب یہ  واپس اپنے گھر آتے ہیں تو اس بیماری کو ساتھ لاتے ہیں جس کی وجہ سے  پھر یہاں پر پورا خاندان  اس بیماری کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس بیماری کے روک تھام میں صفائی کا خاص خیال رکھا چاہئے اور اگر کسی کو یہ لگ جائے تو اس کو  اپنے آپ کو  دوسرے لوگ سے چند ہفتوں کے لئے الگ کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر عالمزیب نے بتایا کہ ہر ڈرائیور کو چاہئے کہ وہ اپنی گاڑی کا  مکمل معائنہ سال میں ایک بار ضرور کرائیں اس سے اس کے گاڑی کی عمر میں بھی اضافہ ہو گا اور آلودگی کم کرنے میں بھی مدد ملی گیاورکوشش کریں کہ سی این جی سے چلنے والے گاڑیوں کو استعمال کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ اس سے آلودگی پیٹرول اور ڈیزل کے بہ نسبت کم پھیلتی ہے  اس سلسلے میں حکومت بھی اپنی زمداری پوری کرے اور جتنا ممکن ہو سی این جی کی فراہمی یقینی بنائے۔

ڈاکٹر فضل حمید کے بقول جن لوگوں کوسینے میں تکلیف محسوس ہوں تو وہ فوری طور  ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں  تاکہ ان کا علاج بروقت ہوسکیں۔اس کے ساتھ ساتھ وہ مریض  گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے  سے گریز کریں ۔اور جو ضروری کام کے لئے نکلے تو ماسک کا استعمال لازمی کریں اور اپنا کام جلدی ختم کرکے گھر واپس لوٹیں  کیونکہ خشک موسم کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہوا ہے اور  آلودہ ذرات سانس کی نالیوں میں جسم کے اندر جاکر وہاں پر انفکشن پیدا کرتا ہے جو کئی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

ڈاکٹر حمید نے آلودگی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے بتایا کہ  ”حکومت کو چاہئے کہ ٹی ایم اے سے سڑکوں پر باقاعدہ چھڑکاؤ کرائیں اس کے ساتھ ماحول کو صاف سھترا رکھنے کے لئے جتنے بھی محکمے کام کرتے  ہیں ان کو مزید فغال بنایا جائے۔ اس کے علاوہ جہاں پر بھی  پہاڑوں  کی کٹائی یا ان میں  معدنیات کی  کھدائی ہوتی ہے۔ تو وہاں پر جیالوجی کے ماہرین سے سروے کرایا جائے اور اگر اس میں  مضر صحت  مادہ  ایسبسٹوس (Asbestos )موجود ہوں جو کینسر کا سبب بنتا ہے تو وہاں پر جو لوگ کام کرتے ہیں  اورمضافات میں جو لوگ رہائش پذیر ہیں تو  ان کو اس گردو غبار سے محفوظ رکھنے کے   لئے  خاص بندوبست کیا جائے تاکہ ان  کے صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو”۔

شاہ خالد شاہ جی
شاہ خالد شاہ جی کا تعلق قبائلی ضلع باجوڑ سے ہے۔ اور پچھلے 15 سالوں سے صحافت سے وابستہ ہے۔ وہ ایک ایوارڈ ہافتہ تحقیقاتی جرنلسٹ ہے اور مختلف نیوز ویب سائٹس، اخبارات، جرائد اور ریڈیوز کے لئے رپورٹینگ کا تجربہ رکھتا ہے۔ شاہ جی زراعت، تعلیم، کاروبار۔ ثقافت سمیت سماجی مسائل پر رپورٹنگ کررہا ہے لیکن اس کا موسمیاتی تبدیلی ( کلائیمیٹ چینج ) رپورٹنگ میں وسیع تجربہ ہے۔ جس کے زریعے وہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی کوششوں میں مصرف ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں