
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ بازار کے قریب بم دھماکے میں کم از کم دو ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے ہوا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج اس وقت پیش آیا جب بازار بھرا ہوا تھا اور روزمرہ کی کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں۔ ایک پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور ریلوے کراسنگ کے قریب پھٹ گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں علاقے میں ڈیوٹی دینے والے دو ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز اتنی زوردار تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کم از کم چھ زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹر زخمیوں کا علاج کرنے میں مصروف ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پیچھے کارفرما افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
کسی عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ مہینوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔



