
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے (گلاف) اور فلیش فلڈ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے اور متوقع بارشوں کے باعث حساس علاقوں میں صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں۔ بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز جبکہ بعض مقامات پر شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کرنے، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں و مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی اور تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہنے کا خدشہ ہے، لہٰذا عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خطرناک علاقوں کا سفر مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مویشی اور قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات و وارننگز پر سختی سے عمل کریں۔
ترجمان کے مطابق تمام امدادی ٹیموں، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت رابطے میں رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔



