
پی وی ٹی سی میگا جاب فیئر 2026 میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان کے اشتراک سے 8,000 سے زائد ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔
مائیگرنٹ ریسورس سینٹر (ایم آر سی) پاکستان نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی) کے اشتراک سے آج ایکسپو سینٹر لاہور میں “پی وی ٹی سی میگا جاب فیئر 2026” کا انعقاد کیا۔ میلے کا مقصد ہنر PVTC کے مند گریجویٹس کو براہ راست صنعت سے جوڑنا اور موقع پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری محکمہ سکلز ڈویلپمنٹ و انٹرپرینیورشپ نادر چٹھہ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سکلز ڈویلپمنٹ و انٹرپرینیورشپ ثاقب خان چدھڑ تھے۔ ان کے ہمراہ چیئرمین PVTC خالد مسعود چودھری، ایم آر سی پاکستان کے پراجیکٹ مینیجر سعد الرحمٰن خان اور مینیجنگ ڈائریکٹر سمیعہ سلیم بھی موجود تھیں۔
جاب فیئر میں 100 سے زائد معروف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے شرکت کی، جن میں ڈائیوو پاکستان، اٹلس ہونڈا، کیکس اینڈ بیکز، یونی ورتھ، مشین زون، فوجی فاؤنڈیشن، ایف آئی اے، الخدمت پاکستان، گولڈن گرل کاسمیٹکس، نِشا ط، لائم لائٹ، کنسیڈرا کیئر اور منہاس پائپ شامل تھے۔ ان اداروں نے الیکٹریکل ٹیکنالوجی، آٹو مکینکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، ہاسپیٹیلٹی، فوڈ پروسیسنگ، ویلڈنگ اور دیگر شعبہ جات میں تربیت یافتہ پی وی ٹی سی گریجویٹس کے انٹرویوز کیے۔
تقریب کے اختتام تک 8,000 سے زائد ہنر مند نوجوان انٹرویوز سے گزرے، جبکہ سینکڑوں امیدواروں کو موقع پر ہی ملازمت کی پیشکش کی گئی۔ جاب فیئر کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی تھی کہ تقریباً دو تہائی شریک کمپنیاں پہلے ہی پی وی ٹی سی کے ورک بیسڈ ٹریننگ پروگرام کے تحت تربیت یافتہ نوجوانوں کے ساتھ منسلک تھیں، جس سے صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تیز رفتار اور مؤثر بھرتیوں کو فروغ ملا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ پنجاب، ندیم چٹھہ نے کہا "پی وی ٹی سی کا ورک بیسڈ ٹریننگ ماڈل تعلیم اور صنعت کے درمیان خلا کو پُر کر رہا ہے۔ آج صنعتیں خود پی وی ٹی سی کے تربیت یافتہ نوجوانوں کو ملازمت کے لیے ترجیح دے رہی ہیں۔”
پارلیمانی سیکرٹری ثاقب خان چدھڑ نے کہا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہنر مند نوجوان ہی پنجاب کی معیشت کا انجن بنیں گے۔” PVTC اور صنعت کی یہ شراکت داری نوجوانوں کو باعزت روزگار دے رہی ہے۔
چیئرمین پی وی ٹی سی، خالد مسعود چوہدری نے کہا "ہماری ذمہ داری صرف اسناد جاری کرنا نہیں بلکہ ہر گریجویٹ کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہمارا اصل مقصد ہے۔ صنعتوں کی بھرپور شرکت پی وی ٹی سی کی تربیت کے معیار اور مارکیٹ سے مطابقت کا واضح ثبوت ہے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر پی وی ٹی سی، سامیہ سلیم نے بتایا "پی وی ٹی سی اس وقت 190 اداروں میں 83 مختلف شعبہ جات میں تقریباً 75,000 نوجوانوں کو مفت فنی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ ہمارے 82 فیصد سے زائد گریجویٹس تربیت مکمل کرنے کے تین ماہ کے اندر روزگار حاصل کر لیتے ہیں۔ مالی سال 2026-27 تک ہمارا ہدف 100,000 نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر صنعتوں سے منسلک کرنا ہے۔””
ایم آر سی پاکستان کے پراجیکٹ مینیجر سعد الرحمٰن خان نے کہا "مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان عوام کے لیے محفوظ، باخبر اور قانونی ہجرت کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ ایم آر سی پاکستان ہجرت کے مکمل عمل کے دوران رہنمائی فراہم کرتا ہے، جس میں روانگی سے قبل معلومات، قانونی ہجرت کے ذرائع سے آگاہی، جعلی بھرتی سے تحفظ، بیرونِ ملک روزگار کی معلومات، اور واپس آنے والے تارکینِ وطن کے لیے معاونت شامل ہے۔
تقریب میں خواتین امیدواروں کے لیے علیحدہ انٹرویو کاؤنٹرز اور مفت سی وی سہولت ڈیسک بھی قائم کیے گئے تاکہ ملازمت کے خواہشمند افراد کو مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔
اس اقدام کا انعقاد یورپی یونین کے تعاون اور مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد ہنر مند افرادی قوت کی ترقی، قانونی نقل مکانی، اور روزگار کے پائیدار مواقع کی جانب کوششوں کو تقویت دینا ہے۔



