نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، مہمند، کرم، اورکزئی، وزیرستان، لکی مروت، کوہاٹ، ہنگو، پشاور، بنوں، ڈیرہ اسمعیل خان اور ہری پور، میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، اور ایمرجنسی کی صورت میں مناسب انتظامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر، انتظامیہ نے سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور متعلقہ شعبہ جات کو اس حوالے سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ شہریوں اور مقامی انتظامیہ کو بھی اس ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، بارشوں کے باعث کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال بھی متوقع ہے۔
کسی بھی ایمرجنسی صورت میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو خبردار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔